Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمنز کرکٹرز کے معاوضے میں اضافہ ضروری ہے، بسمہ معروف

لاہور:پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے خواتین کرکٹرز اور مینز ٹیم کے کھلاڑیوں کے معاوضے کے درمیان پائے جانے والے بڑے فرق کو اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بات چیت جاری ہے۔بسمہ معروف نے پریکٹس سیشن کے بعدکہا کہ مینز اور ویمنز کرکٹرز کے معاوضوں میں بہت فرق ہے،اس مسئلے کو حل ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ بورڈ سے ہماری بات جاری ہے اور لگتا ہے کہ اس مسئلے کا حل زیر غور ہے ۔کپتان نے کہا کہ پی سی بی سے اس معاملے پر کافی بات کی اور ابھی بھی جاری ہے لیکن اندر کی بات نہیں بتا سکتی مگر امید ہے کہ پی سی بی اس کو بہتر کرے گا۔خیال رہے کہ پاکستانی مینزکرکٹرز کو 77 ہزار ڈالر سالانہ کے قریب معاوضہ دیا جاتا ہے جبکہ خواتین کرکٹرز کو سالانہ 12 ہزار ڈالر کے قریب معاوضہ مل رہا ہے۔پاکستانی خواتین ٹیم کی کپتان نے کہا کہ ریجن کی سطح پر صرف روزانہ کی بنیاد پر معاوضہ ملتا ہے اور میچ فیس نہیں ملتی اور اگر ریجن کی سطح پر میچ فیس مل جائے تو آنے والی لڑکیوں کے لیے بھی اچھا ہوگا۔ بسمہ معروف سے قبل ہندوستانی ویمنز ٹیم کی کپتان میتھالی راج نے 2017 میں ورلڈ کپ کے دوران معاوضے میں فرق پر سوال اٹھایا تھا۔ میتھالی راج کیلئے بی سی سی آئی نے 22ہزار ڈالر سالانہ معاوضے کو بڑھا کر 77ہزار ڈالر سالانہ کر دیا ہے۔ میتھالی راج ہندوستان کی قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی2مرتبہ ورلڈ کپ کیلئے قیادت کا اعزاز بھی حاصل کر چکی ہیں۔

شیئر: