سوئے ہوئے طالب علم پر تشدد کرنیوالی ٹیچر واقعہ کے بعد مستعفی
ساؤتھ کیرولینا..... مقامی پالمیٹو ہائی اسکول میں عرصے سے درس و تدریس کرنے والی مقبول اور مشہور ٹیچر اچانک اپنے اوسان پر قابو نہیں رکھ سکیں اور انہوں نے کلاس کے اندر سوئے ہوئے ایک طالب علم کو نیند سے بیدار کرنے کیلئے تشدد کیا۔ غصے کے عالم میں وہ اسکی ڈیسک پر کھڑی ہوگئیں۔ اوپر چڑھ کر طالب علم کولات ماری ، جھانپڑ رسید کئے اور بال پکڑ کر اسے جھنجھوڑا بھی۔ یہ سارا واقعہ کلاس میں رکھے خفیہ کیمرے میں محفوظ ہوگیا۔ و اقعہ کے بعد وہ ٹیچر روم میں چلی گئی اور کچھ دیر بعد انہوں نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ لیزا گزشتہ 27برس سے اس اسکول میں ریاضی کی ٹیچر رہیں اور اس سے قبل وہ 3سال تک ٹیچروں کے انتظامات دیکھنے والی کمیٹی میں کام کرتی رہیں۔ لیزا کے ریٹائر ہونے کا معاملہ فوراً متنازعہ ہوگیا اور بہت سے لوگوں کا کہناہے کہ اسکول انتظامیہ نے انہیں استعفیٰ دینے پر مجبور کیا جبکہ اسکول طلباء نے بھی احتجاج شروع کردیا ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ جلد بحال کردی جائیں گی۔ واضح ہو کہ اس پورے واقعہ کی وڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہے۔ واقعہ چند دن قبل کا ہے۔ اس میں صاف نظر آتا ہے کہ وہ بار بار طالب علم کو مار رہی ہیں اور جھانپڑ رسید کرنے کے بعد اسکے سینے اور شانے کو بھی اذیت پہنچانے میں مصروف ہیں۔ لیزا کا کہناہے کہ انہیں اپنی حرکت پر افسوس ہے۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ اچانک مجھ پر یہ کیسا دورہ پڑا کہ میں اس اخلاقیات کی تمام باتیں فراموش کر بیٹھی جس کی تلقین میں طلباء کو کرتی رہتی ہوں۔ لیزا ہیوسٹن کے استعفے پر مقامی اسکول بورڈ کے وائس چیئرمین ڈوگ ایچکسن نے بھی استعفیٰ دیدیا ہے۔ انکا اصرار ہے کہ خاتون کو انتظامیہ نے طرح طرح کی دھمکیاں دینے کے بعد استعفیٰ دینے پر مجبور کیا۔ مگر انتظامیہ یہ ماننے کو تیار نہیں۔ تشدد کاشکار ہونے والے طالب عالم کی ماں کا کہنا ہے کہ میرا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں اورمیرا بیٹا تھکا ہوا تھا اور وہ اس وجہ سے سو گیا تھا لیکن میں نے ٹیچر کو نکالنے کی کوئی درخواست اس حوالے سے نہیں کی اورمیری خواہش ہے کہ وہ دوبارہ اپنے کام پر آجائیں تاہم ایسا واقعہ آئندہ سرزد نہ ہو۔