رمضان المبارک کی آمد پر مملکت بھر میں سبزیوں کے نرخ بڑھنے کے خدشات
ریاض.... سبزی منڈیوں کے امور سے واقف کاروں نے خدشات ظاہر کئے ہیں کہ رمضان المبارک کی آمد پر سبزیوں کے نرخ بڑھ جائیں گے۔ طلب میں اضافے اور رسد میں کمی کے باعث قیمتیں بڑھیں گی۔ ماہرین نے توجہ دلائی ہے کہ سبزی منڈیوں کو بڑے تاجر اور زرعی فارموں کے مالکان کنٹرول کررہے ہیں۔ ریاض کے عقیقہ الربوة بازاروں میں فی الوقت سبزیوں کے نرخ مستحکم ہیں۔ صارفین کے بس میں ہیں۔ البتہ زرعی فارموں کے مالکان ہمیشہ یہ دلیل دیتے ہیں کہ رمضان کا معاملہ دیگر مہینوں سے مختلف ہے۔ اس ماہ کارکنان کی تعداد بڑھانا پڑتی ہے، طلب میں اضافہ ہوتا ہے۔ اگر قیمتیں نہ بڑھائی جائیں تو انہیں خسارہ ہوجاتا ہے۔ ریاض کی سبزی منڈیوں میں اب تک ایک کلو ٹماٹر، کھیرا، گاجر، کوسہ، بھنڈی، بینگن ، ہری مرچ 4تا5ریال میں فروخت ہورہی ہے۔ زیادہ مقدار میں خریدنے پر سستی بھی مل جاتی ہے۔ تمام صارفین ان نرخوں سے مطمئن ہیں۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان کے دوران متعلقہ ادارے سبزی منڈیوں کی کڑی نگرانی کریں کیونکہ تاجر حضرات ماہ مبارک میں قیمتوں سے کھلواڑ کرتے ہیں۔ بڑے تجارتی مراکز میں سبزیوں کی قیمتیں سبزی منڈیوں کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔