قومی ہیرو ہاکی اولمپیئن منصور احمد کی تدفین
کراچی:پاکستان کو 1994 ء کا ہاکی ورلڈ کپ جتوانے والے قومی ہیرو منصور احمد کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ کے بعد ڈیفنس کے قبرستان میں انکی تدفین کردی گئی ، تدفین میں ہاکی سے وابستہ سابق کھلاڑیوں سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے شرکت کی۔ منصور احمد کے انتقال پر سابق ہاکی کپتان سمیع اللہ، اصلاح الدین اور شہباز سینئر سمیت ہاکی سے وابستہ دیگر شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔سابق اولمپیئن رشید الحسن نے منصور احمد کی وفات پر کہا کہ ان کی وفات سے قوم ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ہوگئی ہے۔یاد رہے کہ 49 سالہ عالمی شہرت یافتہ گول کیپر کا دل صرف 20 فیصد کام کررہا تھا، ان کے دل میں 7 اسٹنٹس ڈالے گئے تھے جبکہ گردوں اور پھیپھڑوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔منصور احمد پاکستان کی جانب سے 338 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔انہوں نے 1986 سے 2000 کے دوران اپنے کیریئر میں 3 اولمپکس اور کئی ہائی پروفائل ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔منصور احمد ہی وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے 24 سال قبل پاکستان کو چوتھی مرتبہ ہاکی کا عالمی چیمپیئن بنایا تھا۔ وہ 1994 کے ہاکی کے ورلڈکپ میں پاکستان کے ہیرو تصور کئے جاتے تھے جبکہ انہیں دنیا کے نمبر ون گول کیپر کا اعزاز بھی حاصل تھا۔