وفاداریاں بدلنے والے ملک وقوم کے وفادار رہیںگے؟،ایاز صادق
اسلام آباد ... اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہر ادارے کو اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔وفاداریاں تبدیل کرنے والے جماعتوں کے ساتھ وفادار نہیں تو ملک اور قوم کے وفادار کیسے رہیں گے۔ پارلیمنٹ میں کھینچا تانی کریں گے تو اس کے نتائج اچھے نہیں رہیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرنے کے زمانے میں پی ٹی آئی کے استعفوں کے وقت آئین‘ قانون اور عدلیہ کے فیصلوں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی پر منتقلی سے پاکستانی پارلیمنٹ کو دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ 7 کروڑ سالانہ بجلی کا بل صفر پر آگیا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹیوں کے اندر شحصی حکمرانی نہیں ۔ اختلاف رائے کو خندہ پیشانی سے سنا جاتا ہے تاہم پارٹیوں کے اندر جمہوری طرز فکر میں اسی وقت مزید بہتری ہوگی جب لوگ شخصیت کے بجائے منشور کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو مکمل طور پر ای سیکرٹریٹ بنانا چاہتا تھا ۔ اگر میرا بس چلے تو نئی پارلیمنٹ کے ارکان کی پہلے3 ماہ میں ٹریننگ لازمی قرار دے دوں۔ میری خواہش ہے کہ حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مستقبل میں بہتر روابط ہونے چاہئیں۔ قومی ایشوز پر ہم سب کو یکساں طرز عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔