Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسٹریٹ چائلڈ فٹبال کپ : پاکستان کی دوسری پوزیشن

 
ماسکو:اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ 2018 ءکے فائنل میں ازبکستان نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آوٹ پر 5-6سے شکست دیدی۔ ماسکو میں ہونے والے اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ 2018 ءکے فائنل میں پاکستان اور ازبکستان نے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقررہ وقت تک مقابلہ 1-1 سے برابر رہا تاہم پاکستان ٹیم کو ازبکستان نے پنالٹی شوٹ آوٹ پر 5-6 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے انڈونیشیا کو پنالٹی شوٹ آوٹ پر 4-5 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ اس ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔پاکستان نے کوارٹر فائنل میں تاجکستان کو 2-0 سے مات دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد 2010 ءسے کیا جارہا ہے جو فٹبال ورلڈ کپ کے میزبان ملک میں میگا ایونٹ سے پہلے کھیلا جاتا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں اسٹریٹ چلڈرن کی حفاظت اور حقوق سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔واضح رہے کہ 2014 ءمیں برازیل میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ سے پہلے منعقدہ اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

شیئر: