بلوچستان میں شہید کرنل سہیل عابد کی نماز جنازہ
اسلام آباد/وہاڑی...بلوچستان میں آپریشن رد الفساد کے تحت کارروائی میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد عباسی کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں عسکری اور سول حکام کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کرنل سہیل عابد عباسی کا تعلق وہاڑی کے نواحی گاو¿ں 91 ڈبلیو بی سے ہے۔ ان کے چچا میجرظفراقبال بھی جام شہادت نوش کرچکے ۔ دادا احمد حسن عباسی جنگ عظیم دوم کے دوران مصرمیں شہید ہوئے۔ شہید کرنل سہیل عابد عباسی کے والد نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے نے ملک وقوم کی خاطر دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت حاصل کی۔ دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان نے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی غیور افواج مادر وطن سے آخری دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔ پاک فوج کے جوانوں نے اپنے خون سے آزادی کی قیمت ادا کی۔اس سے بڑی کوئی قربانی نہیں۔ بطور قوم دشمن کے خلاف متحد ہیں۔بہادر پاک فوج آخری دہشتگرد تک پرعزم ہو کر لڑتی رہے گی ۔