سپریم کورٹ کے فیصلے نے موقف درست ثابت کردیا ، راہول
نئی دہلی- - - -کرناٹک میں بی جے پی کو ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کا حکم دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو کانگریس نے تاریخی قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی کے پاس اپنی اکثریت ثابت کرنے کے لئے ممبران اسمبلی کی مطلوبہ تعداد نہیں ۔ کانگریس کے قومی صدرراہول گاندھی نے کہاکہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے نے کانگریس کے موقف کو درست ثابت کر دیا۔گاندھی نے ٹوئٹ کیاکہ عدالت عظمیٰ کے اس فیصلہ سے ہمارے اس موقف کی توثیق ہو گئی کہ گورنر کا فیصلہ غیر آئینی ہے۔ گاندھی نے خدشہ ظاہر کیاکہ بی جے پی اقتدار حاصل کرنے کیلئے دولت اورطاقت کااستعمال کرنیکی کوشش کریگی۔کانگریس کی حلیف جنتا دل سیکولر(جے ڈی ایس) نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلہ پرخوشی ظاہر کی ۔اس کے لیڈ دانش علی نے کہا کہ ہفتہ کو یدیو رپا ایوان میں اکثریت ثابت نہیں کر سکیں گے۔ حکومت سازی کے حق سے محروم ہو جائیں گے۔دانش نے دعویٰ کیا کہ اکثریت ہمارے ساتھ ہے۔