تیز رفتار ٹرک الٹنے سے 19افراد ہلاک،6زخمی
احمد آباد ۔۔۔۔گجرات میں احمد آباد ضلع کے دھولیرا علاقے میں ٹرک الٹنے کے باعث12خواتین ،3بچوں سمیت 19افراد ہلاک اور 6شدید زخمی ہوگئے ۔وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنیوالوں کے لواحقین کو 4،4لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 50ہزار روپے بطور امداد دینے کا اعلان کیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ راجندر ساری نے بتایا کہ دھولیرا بھاؤنگر شاہراہ پر باولیانی گاؤں کے قریب سیمنٹ کی بوریوں سے بھرا ٹرک اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک سے نیچے گہرے کھڈ میں جاگرا ۔ اس حادثے میں 19افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ٹرک میں سوار مزدور امریلی ضلع کے پیپاواؤ سے کھیرا کے آنند قصبہ جارہے تھے ۔اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشیں قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجدیں ۔زخمیوں کو قریب کے اسپتال منتقل کرانے کے بعد واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔