کرکٹ ورلڈ کپ2019ء کا شیڈول جاری کردیاگیا
دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ آئندہ سال 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہوگا جو 14 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔ اعلامیے کے مطابق میگا ایونٹ انگلینڈ اینڈ ویلز میں کھیلا جائے گا جس میں دنیائے کرکٹ کی 10 بہترین ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ کینگروز نے 2015ء میں کیویز کو فائنل میں زیر کر کے عالمی چیمپیئن اعزاز حاصل کیا تھا۔ 30 مئی کا افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہو گا۔ دفاعی چیمپیئن آسٹریلوی ٹیم یکم جون کو افغانستان اور پاکستانی ٹیم 31 مئی کو ویسٹ انڈیزکے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔ ورلڈ کپ 2019ء کے شیڈول کے تحت 1992ء میں منعقدہ ورلڈ کپ کے طرز پر یہ ایونٹ ہو گا۔10 ٹیمیں ایک، ایک میچ کھیلیں گی جن میں سے 4بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔46 دن میں 48 میچز 11 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں صرف 7 میچز ڈے اینڈ نائٹ جبکہ سیمی فائنلز اور فائنل سمیت تمام میچز دن میں کھیلے جائیں گے ۔ 30 مئی کو افتتاحی میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہو گا۔ پاکستانی ٹیم 31مئی کو ابتدائی میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف مدمقابل ہو گی۔ گرین شرٹس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 3 جون کو انگلینڈ، تیسرا میچ 7 جون کو سری لنکا، چوتھا میچ 12 جون کو کینگروز، پانچواں میچ 16 جون کو روایتی حریف ہند، چھٹا میچ 23 جون کو جنوبی افریقہ، ساتواں میچ 26 جون کو نیوزی لینڈ، آٹھواں میچ 29 جون کو افغانستان جبکہ نواں اور آخری میچ 5 جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز 9 اور 11 جولائی کو شیڈول ہیں۔ دونوں کیلئے ریزرو ڈے رکھے گئے ہیں، لارڈز 14جولائی کو پانچویں مرتبہ فائنل کی میزبانی کرے گا۔ فائنل کیلئے بھی ریزرو ڈے ہو گا۔ 14 جولائی کو بارش کی صورت میں فائنل 15 جولائی 2019ء کو کھیلا جائے گا۔