فاٹا کا انضمام بہترین اقدام ہے ، علاقہ ترقی کریگا
تمام جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں ، تاریخی فیصلہ ہے ، تارکین کا ردعمل
ریاض ( ذکاء اللہ محسن)قومی اسمبلی میں فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے بل کی منظوری کے فیصلہ پر پاکستانی کمیونٹی کے مختلف حلقوں کیجانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔اس حوالے سے قاضی اسحاق میمن کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے تو پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن کی جماعتوں کو مبارکباد دیتا ہوں جن کے تعاون سے یہ 70سالہ مسئلہ حل ہوا۔ مبشر انوار کا کہنا تھا کہ دیر آید درست آید ۔ امید کی جانی چاہئے کہ قبائلی علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر قومی دھارے میں لانے کیلئے ترقیاتی منصوبے زیر عمل لائے جائیں گے۔ قومی وطن پارٹی کے اقبال ودود نے کہا کہ 24 قبائلی عوام پچھلے 70 سال سے جس محرومی کا شکار تھے اب انشاء اللہ اس کا ازالہ ہوگا۔ مجلس پاکستان کے جنرل سیکرٹری حافظ عبدالوحید نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور ان کی پارٹی نے اپنے دور اقتدار کے آخری ایام میں ایسا کام کیا ہے جو 70 برس سے سرد خانے میں تھا۔اے این پی کے رہنما ظہور علی خان نے کہا کہ ہم وطنوں کو علاقہ غیر جسے فاٹا کہا جاتا صوبہ پختونخوا میں انضمام اور پاکستان کا باقاعدہ حصہ بنا نے پر مبارک باد دیتے ہیں ۔ پاکستانی تاریخ کا ایک اہم فیصلہ ہوا ۔ شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ آج واقعی میں پاکستان کیلئے اور پاکستانیوں کیلئے خوشی کا دن ہے ۔فاٹا کے انضمام میں جس جس پارٹی نے اپنا حصہ ڈالا سب مبارکباد کے مستحق ہیں بالخصوص بیرسٹر ظفراللہ اور سرتاج عزیر جنہوں نے یہ بل تیار کیا۔ پاکستان مسلم لیگ نے اپنا فاٹا کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا کیا ۔ تاریخ مسلم لیگ (ن) کے تاریخی اقدام کو سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ وسیم ساجد کا کہنا تھا کہ یہ اہم قدم اٹھایا گیا ہے اس سے پاکستان مضبوط ہوگا اس سے فیڈریشن مضبوط ہوئی ہے ۔ احسن عباسی نے کہا کہ فاٹا بل کی منظوری، پارلیمان نے انگریز کے بنائے ہوئے کالے قانون کو ختم کر کے بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس بل کی منظوری سے پاکستان مضبوط ہوگا۔ فاٹا میں موجود احساس محرومی ختم کرنے میں مدد ملے گی۔