Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان المبارک میں حرم مکی شریف کے 660زائرین کو طبی امداد

مکہ مکرمہ..... رمضان المبارک کے دوران حرم مکی شریف کے 660زائرین کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 44زائرین کو اسپتال منتقل کیا گیا۔یہ بات مکہ مکرمہ میں ادارہ ہلال احمر کے سربراہ صقر بن مناع نے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ حرم مکی شریف میں ہلال احمر کی 20ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ صحن مطاف کے علاقہ حرم شریف کے اندر اور بیرونی صحنوں میں بھی ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ جن لوگوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ان میں سے بیشتر شوگر اور بلڈ پریشر کے مریض تھے۔ بعض زائرین سانس کے مریض ہونے کی وجہ سے دم گھٹنے کا شکار ہوگئے ۔رمضان المبارک میں بھیڑ کی وجہ سے معمر اور مریض زائرین بہت زیادہ تھکن کا شکار ہوجاتے ہیں جس کے باعث ان کا بلڈ پریشر ہائی ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان کے آغاز سے لے کر اب تک صرف 44مریض ایسے تھے جن کی حالت نازک ہوگئی اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعض زائرین بھیڑ کی وجہ سے زخمی ہوجاتے ہیں۔ حاملہ خواتین بھی مختلف مسائل کا شکار ہوجاتی ہیں۔ دوسری منزل پر طواف کرنے والے بیشتر زائرین کے پیر وہیل چیئر سے ٹکرانے کی وجہ سے زخمی ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور معمر افراد عمرے کی ادائیگی کے لئے مناسب وقت فجر کے بعد سے لے کر ظہر تک ہے۔ اس وقت میں حرم مکی شریف میں بھیڑ کم رہتی ہے۔جن لوگوں نے ایک مرتبہ عمرہ ادا کرلیا ہے وہ اسی پر اکتفا کریں اور دوسرے لوگوں کو موقع دیں۔

                                            

شیئر: