68500اسسٹنٹ ٹیچروں کے بھرتی امتحانات نہ روکے جائیں، الہ آبادہائیکورٹ
لکھنؤ- -- -پرائمری اسکولوں میں 68500 اسسٹنٹ ٹیچروں کی بھرتی کیلئے 27 مئی کو منعقد ہونے والے امتحان پر الٰہ آباد ہائی کورٹ نے روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔اس سے اب امتحان مقررہ تاریخ پر ہی کرانے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔امیدواروں نے بھی عدالتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔امتحان کے انعقاد کو پٹیشن میں یہ کہتے ہوئے چیلنج کیا گیا تھا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے جاری حکم نامہ کے دائرہ سے باہر ہے۔دریں اثناء ریاست کے غیر سرکاری امداد یافتہ سکنڈری اسکولوں میں اساتذہ کے خالی پڑے عہدوں پر 70 سال سے کم عمر کے ریٹائرڈ اسسٹنٹ ٹیچروں کو متبادل نظام کے تحت تنخواہ کی بنیاد پر تدریسی کام لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سکنڈری ایجو کیشن کے ڈائرکٹر صاحب سنگھ نرنجن نے بتایا کہ اس متبادل نظام کے تحت تقرر کئے گئے ریٹائرڈٹیچروں سے اتر پردیش سکنڈری ایجوکیشن سروس سلیکشن بورڈ سے منتخب کئے گئے امیدواروں کے آنے تک یا ایک جولائی سے گرمی کی چھٹی ہونے تک تدریسی کام کرایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ تنخواہ کی شکل میں ایسے اسسٹنٹ ٹیچروں کو ہر مہینے 15 ہزار تا20ہزارروپئے دئیے جائیں گے۔