مشرقی ریجن کے دہشتگردوں کو " حد حرابہ" کی سزا دی جائے، پبلک پراسیکیوشن
ریاض..... سعودی پبلک پراسیکیوشن نے مشرقی ریجن کے دہشت گردوں کو " حد حرابہ" کی سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ریاض سے مشرقی ریجن دھماکہ خیز بیلٹ منتقل کرنے اور خود کش حملے میں شرکت کے الزام پر ریاض کی فوجداری کی عدالت میں مقدمہ کی سماعت شروع کردی گئی۔ دہشت گرد تنظیم داعش نے قطیف کی ایک مسجد پر حملے کیلئے دھماکہ خیز بیلٹ منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ خودکش حملے میں پاکستانی شہری وسیم رشید خان کو شامل کیا گیاتھا جو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا۔ دوسرے دہشت گرد پر واردات کی جگہ کی نشاندہی اور حملہ آوروں کو مسجد پہنچانے کی ذمہ داری کے الزام میں حد حرابہ کے نفاذ کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ دہشت گردی کے مبینہ واقعہ میں 2 بنیادی ملزم ہیں ۔ فرد جر م دونوں پر عائد کردی گئی ہے۔ ملزم ثانی پر 6 جرائم کے ارتکاب کا دعویٰ کیاگیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ وہ قرآن و سنت مخالف تکفیری اسکول سے منسلک تھا۔ مملکت میں دہشت گرد تنظیم کا ممبر تھا۔ دہشت گردوں کی سازشوں میں عملدرآمد میں حصہ لے رہا تھا۔ ایک الزام یہ بھی ہے کہ وہ مشرقی ریجن میں شیعہ فرقے کی مساجد کی فہرست تیار کررہا تھا جبکہ القطیف کمشنری کے ام الحمام قصبے کی مسجد المصطفیٰ کے کئی چکر لگا چکا تھا۔ ایک الزام یہ بھی ہے کہ اس نے خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے شہری وسیم رشید خان کے ساتھ سفر کیاتھا۔ وہ خان کی رہنمائی کیلئے ہمراہ تھا۔ یہ واردات 2016ءمیں پیش آئی تھی۔ اس میں 4 کلو گرام وزنی دھماکہ خیز مواد استعمال کیاگیا تھا۔