Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں ڈاکٹر تسنیم احمد کے اعزاز میں الوادعی تقریب

پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے افطار ڈنر میں خدمات کا اعتراف، ممبران اور والنٹیئرز کی شرکت،
سید شہاب الدین ۔  جدہ
     ہفتہ رفتہ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی (پی ڈبلیو ایس) کے دیرینہ  ساتھی   ڈاکٹر تسنیم احمد  خان کے اعزاز میں جدہ کے مقامی ریستوران  میں  ایک پر تکلف اور شاندار الوادعی  افطار ڈنر پارٹی کا اہتمام کیا گیا  جس میں پی ڈبلیو ایس کے ممبران اور  والنٹئیرز  کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تلاوت آیاتِ ربانی  اور  نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پیش کرنے کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔پی ڈبلیو ایس کے  سیکریٹری جنرل  ڈاکٹر امجد عبید نے نظامت  کے فرائض انجام دیئے۔
    ڈاکٹر خلیل الرحمن  نے حاضرین محفل کو بتایا کہ ڈاکٹر تسنیم احمد خان7 سال  مملکت میں اپنی خدمات پیش کرنے  کے بعد اب  وطن  لوٹ رہے ہیں ۔ ڈاکٹر تسنیم جدہ کے  کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال میںکام کر رہے تھے۔   انہوں  نے جدہ میں اپنے  قیام کے دوران سوسائٹی کے فلاحی کاموں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
    ڈاکٹر تسنیم احمد نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈبلیو ایس میں شامل تمام افراد ایک فیملی کے مانند ہیں ۔ میں نے آپ لوگوں کے ساتھ  بہت اچھا  وقت گزارا۔ آپ لوگوں نے جس شفقت و محبت کا اظہار کیا ہے  وہ میں کبھی نہیں   بھول سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں سے جا  رہا ہوں لیکن  آپ لوگوں کے ساتھ گزرے ہوئے لمحات  میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔  انہوں نے کہا کہ وہ وہاں جا کر پاکستان کڈنی سینٹر ایبٹ آباد کیلئے بھی وقت  دیں گے اور جو ممکن  ہوسکا  تعاون کریں گے۔
    شریف زمان ،  میاں محمد منشا طور،  ڈاکٹر امجد عبید ،   انور انجم ،  ضیاء   خالد  اور دیگرنے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ڈاکٹر تسنیم کی خدمات کو زبردست  خراج تحسین پیش کیا۔ انکے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور  دُعا   دی  کہ ڈاکٹر تسنیم احمد   جہاں بھی رہیں خوش رہیں۔  بعد ازاں   ڈاکٹر تسنیم احمد کو ان کی خدمات کے اعتراف میں پی ڈبلیو ایس  کی جانب  سے  ایک یاد گاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
    تقریب کے آخر میں ڈاکٹر خلیل نے تمام ممبرز اور  والینٹئرز  اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا کہ   انہوں   نے  وقت نکالا ۔ انھوں نے پی ڈبلیو ایس میڈیکل کیمپ کے  ڈاکٹرز ، ممبرز  اور  ورکرز  کی تعریف کی اور ان کو خرا ج تحسین پیش کیا  ،خصوصا  خواتین ڈاکٹرز اور  والنٹیرز کی خدمات کو  بہت سراہا۔
    پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے تاسیسی رکن انجینیئر میاں محمد منشا طور نے ڈاکٹر تسنیم احمد اورپی ڈبلیو ایس کے تمام ممبران،انکے اہل خانہ، خصوصا ًسعودی عرب ، پاکستان اور عالم اسلام  کیلئے اللہ تعالی کے حضور خلوص دل سے  دعا کی  اور اسی کے ساتھ  یہ خوبصورت تقریب اختتام  پذیر ہوئی۔
مزید پڑھیں:- - - - -فاٹا کا انضمام قبائل کا مسئلہ نہیں، مولانا امیر زمان

شیئر: