Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے کھیلیں یا نہیں ! بی سی سی آئی کا حکومت سے استفسار

 
  ممبئی :ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ سیریز کے بارے میں حکومت سے رجوع کرتے ہوئے صورتحال اور پالیسی واضح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بورڈ حکام کی جانب سے لکھے جانے والے خط نے ایک مرتبہ پھربی سی سی آئی کے اس موقف کو غلط ثابت کر دیا ہے جو وہ پاکستان کے ساتھ سیریز نہ کھیلنے کے حوالے سے اختیار کئے ہوئے ہے کہ اسے حکومت اجازت نہیں دے رہی جبکہ اب وہ حکومت سے پالیسی کا پوچھ رہا ہے جس کا دوسرا مطلب یہ کہ کوئی پالیسی ہے ۔2014میں”بگ تھری“ کی حمایت کے بدلے میں ہندوستانی بورڈ نے پاکستان کیساتھ 8سال میں 6سیریز کھیلنے کا جو معاہدہ کیا تھا اس کی خلاف ورزی پرپی سی بی نے 70ملین ڈالر ہرجانے کیلئے آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی سے رجوع کررکھا ہے۔ اب اسی تناظر میں ہندوستانی بورڈ نے نئی مہم شروع کرتے ہوئے حکومت سے پوچھا ہے کہ باہمی مقابلوں کیلئے کن چیزوں یا معاملات کی کلیئرنس حاصل کرنا ضروری ہے۔ دونوں ملکوں میں کشیدہ تعلقات کے پیش نظر حکومت کا اس حوالے سے موقف کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں لیکن ہندوستانی بورڈ کوئی تحریری جواب حاصل کرنا چاہتا ہے جس کو آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی میں سماعت کے وقت پیش کرکے ثابت کیا جاسکے کہ بورڈ کو تو کوئی اعتراض نہیں لیکن حکومت کی طرف سے اجازت نہ ملنے پر مجبور ہیں۔

شیئر: