Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی میچ فکسنگ سے نمٹنے میں ناکام ہے ، رانا ٹنگا

کولمبو:سری لنکا کوورلڈ کپ میں فتح دلانے والے سابق کپتان ارجنا راناٹنگا نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اینٹی کرپشن یونٹ کسی کام کا نہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میچ فکسنگ سے نمٹنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے جس کا ثبوت کرکٹ کرپشن کا بڑھتا ہوا سیلاب ہے ۔رانا ٹنگا نے دعویٰ کیا ہے کہ میں صرف سری لنکا کی بات کروں گا جہاں اس کھیل میں کرپشن عروج پر ہے اور بار بار کی نشاندہی کے باوجود کچھ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ چند چھوٹی مچھلیوں پر ہاتھ ڈال کر یہ تصور کرلیا جاتا ہے کہ کرپشن ختم ہوگئی لیکن یہ پالیسی ناکام تھی اور رہے گی ۔رانا ٹنگا نے کہا کہ ٹی وی چینل کی ڈاکومینٹری میں وکٹ فکسنگ کے بارے میں جتنے دعوے کئے گئے ہیں حقیقت میں صورتحال اس سے کہیں زیادہ خراب ہے۔، ان تمام الزامات کی مکمل تحقیقات ہونا چاہیے، بد قسمتی سے یہ سب کچھ مدتوں سے جاری ہیں اور کرپشن سری لنکا کرکٹ میں سرایت کرچکی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ جوکچھ سری لنکن کرکٹ میں ہورہا ہے اگر وہ ان کو دکھائی نہیں دیتا تو پھر انھیں اینٹی کرپشن یونٹ میں بیٹھنے کا بھی کوئی حق نہیں ۔ گال کے گراونڈ مینجر تھارنگا انڈیکا اور دیگرکے بارے میں رانا ٹنگا کا کہنا تھا کہ یہ چھوٹی مچھلیاں ہیں اور یہ اس وقت تک کرپشن میں ملوث نہیں ہوسکتے جب تک کہ ان کو اوپرسے مدد اور حمایت حاصل نہ ہو۔ رانا ٹنگا نے کرپشن کی وجہ سے عالمی سطح پر کرکٹ کی مقبولیت میں کمی کا ذمہ دار آئی سی سی کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس کا اینٹی کرپشن یونٹ اپنے اختیارت استعمال نہیں کرتا یہ جس کی وجہ سے کرکٹ عالمی سطح پر بدنام ہورہی ہے۔ اس لئے آئی سی سی کو بڑا قدم اٹھانے اور سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

شیئر: