الیکشن کمیشن نے انتخابات کا پہلا مرحلہ روکدیا
اسلام آباد... الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے الیکشن ایکٹ 2017کے تحت کاغذات نامزدگی میں ترمیم کو کالعدم قرار دئیے جانے کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں ریٹرننگ افسران کو امیدواروں سے انتخابی شیڈول کے مطابق ہفتے سے کاغذات نامزدگی فارم وصول کرنے سے روک دیا۔ الیکشن کمیشن سے جاری بیان کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے نے الیکشن کمیشن کے موقف کی توثیق کی ہے ۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے موقف کو ماننے کی بجائے کاغذات نامزدگی کے فارم کو الیکشن ایکٹ 2017کا حصہ بنا دیا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری حکم میں واضح ہے کہ موجودہ فارم اے اور فارم بی ایسی معلومات فراہم نہیں کرتے جو آئین اور قانون کے تحت قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کےلئے ضروری ہیں ۔لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق انتخابی فارم کو بہتر بنانے کےلئے الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں اجلاس ہوگا ۔اجلاس میں فارم اے اور فارم بی کو بہتر بنانے کےلئے فیصلے کئے جائیں گے جس کے بعد امیدواروں سے نئے سرے سے کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد و بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے بعض حلقوں میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف فیصلوں پر بھی مشاورت کی جائے گی۔