24گھنٹہ قبل آندھی و طوفان کی اطلاع مل سکے گی، محکمہ موسمیات
نئی دہلی۔۔۔۔ہندوستان کے مختلف علاقوں اور ریاستوں میں آندھی و طوفان سے ہونیوالی تباہیوں سے بچانے کیلئے محکمہ موسمیات نے 24گھنٹے قبل درست اطلاع دینے کا بندوبست کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل کے جے رمیش نے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ نے ماہرین موسمیات کی ٹیم تشکیل دی ہے جو طوفان بادو باراں اور موسمی آفات کی پیشگوئی کا نظام تیار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے۔ گزشتہ ماہ دہلی، اتر پردیش، بہار ، مغربی بنگال ، پنجاب، ہریانہ اور اترا کھنڈ وغیرہ ریاستوں میں آندھی اور طوفان بادوباراں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ موسمیات کے پاس 4سے 6گھنٹے قبل طوفان کی اطلاع دینے کی صلاحیت موجود ہے تاہم اور اب اسے 24گھنٹے قبل عوام کو مطلع کرنے کیلئے جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔