Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسٹیفن ہاکنگ نے آغاز کائنات پر تحقیق کی، ناصریہ اسکول میں لیکچر اور ورکشاپ

معذور ہونے کے باوجود اس نے قابل ستائش کام کیا ،ان کا نظریہ یہ بھی ہے کہ کائنات کے اختتام کے بارے میں کچھ کہنا ناممکن ہے
جاوید اقبال ۔ ریاض
    پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں ’’ما بعد الطبیعات اور ابتدائے کائنات ‘‘ کے موضوع پر ایک ورکشاپ اور لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں اساتذہ کو ایک ایسے خیال پر معلومات فراہم کی گئیں کہ جس کا انسانی زندگی سے گہرا تعلق ہے اور جس کے بارے میں تحقیق وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس موضوع کا انتخاب اس لیے کیا گیا تھا کہ کچھ عرصہ قبل دنیائے سائنس کی ایک عظیم شخصیت اسٹیفن ہاکنگ دنیا سے کوچ کرگئی تھی۔ تقریب کے لیے شعبہ طبیعات کے قابل اساتذہ عاطف حمید بھوپارائے اور محمد حسیب نے عرق ریزی کے بعد لیکچر تیار کیا تھا جبکہ اول الذکر نے اسے پیش کیا۔
    حافظ محمد زاہد کی تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ قرأت کی گئی آیات مبارکہ کا موضوع لیکچر کے مرکزی خیال سے مماثلت رکھتا تھا۔
    مقرر عاطف حمید بھوپارائے نے سب سے پہلے حاضرین کو مابعد الطبیعات کی اصطلاح کے پس منظر سے آگاہ کیا اور واضح کیا کہ یہ دراصل فلسفہ کی ایک شاخ ہے جو کہ انسان کی نہ صرف معاشرے بلکہ کائنات میں انفرادی حیثیت اور اسکے جواز کے بارے میں علم پر مشتمل ہے۔ 
    مقرر نے معروف برطانوی سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ کے حالات زندگی اور ان کے مرض کے علاوہ کائنات کے اسرار و رموز پر ان کے نظریات و تحقیق کو بھی موضوعِ بحث بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہاکنگ کی کی گئی تحقیق سے علم کے نئے در و ا ہوئے اور یہی وجہ ہے کہ اس نابغہ روزگار کے خیالات و افکار کو ہر علمی محفل میں زیر بحث لایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکنگ کا مشہور عالم نظریہ "Big Bang"  کہلاتا تھا جس کے مطابق یہ کائنات ایک بہت بڑے دھماکے کے نتیجہ میں 15 ارب برس قبل وجود میں آئی تھی۔ اسکے علاوہ ہاکنگ کا ایک نظریہ یہ بھی ہے کہ اس کائنات کے اختتام کے بارے میں کچھ کہنا ناممکن ہے۔ برطانوی سائنسدان کی وجہ شہرت ان کی مشہور زمانہ تصنیف   "A Brief History of Time"ہے جس میں انہوں نے صراحت کے ساتھ وقت جیسے پیچیدہ موضوع کی تشریح کی ہے۔
     صدر تقریب قائم مقام پرنسپل پروفیسر گوہر رفیق نے مقرر عاطف حمید بھوپارائے اور ان کے معاون محمد حسیب کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایک مشکل موضوع کو انتہائی عام فہم زبان میں پیش کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیفن ہاکنگ کو دنیائے سائنس میں آئن اسٹائن کے بعد بڑا مقام دیا جاتا ہے۔ ہاکنگ نے اپنی تحقیق سے وہ اسرار عیاں کئے جنہوں نے کائنات کے آغاز سے اختتام تک کے موضوعات پر پیدا ہونے والے بہت سے ابہام دور کرنے میں مثبت کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں:- - - -پاکستان اکیڈمی فار سپیشل کڈز کے زیر اہتمام افطار ڈنر

شیئر: