ٹرین سے پھینکے گئے کروڑوں کے کرنسی نوٹ
ہمیر پور۔۔۔۔یمنا ساؤتھ بینک ریلوے اسٹیشن سے گزرنے والی مسافر ٹرین سے1000 اور 500روپے کے متروکہ نوٹ ریلوے لائن کے اطراف بکھرے ہوئے پائے گئے جسے دیکھ کر گاؤں والوں نے بٹورنا شروع کردیا۔ جی آر پی باندہ اور مقامی پولیس نے اس واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا جبکہ اسٹیشن ماسٹرنے نوٹ پھینکے جانے کی تصدیق کی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز برونی جبل پور ایکسپریس سے1000 اور 500کے پرانے نوٹ یمنا برج سے لیکر گیٹ نمبر 42تک پھینکے گئے۔ مقامی لوگ خبر پاتے ہی ریلوے پٹریوں پر بکھرے ہوئے نوٹ بٹورکر نو دوگیارہ ہوگئے۔واضح ہو کہ 8نومبر 2016ء کو 1000اور 500روپے کے پرانے کرنسی نوٹوں کے استعمال پرہندوستانی حکومت کی جانب سے پابندی عائد کی جاچکی ہے۔