یہ سید پرویز مشرف کون ہیں؟
اسلام آباد... سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کو 13 جون کو لاہور طلب کرتے ہوئے وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے پرویز مشرف کی تاحیات نا اہلی کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ یہ سید پرویز مشرف صاحب کون ہیں اور کیا کہتے ہیں۔وکیل نے کہا کہ پرویز مشرف سابق صدر اور سابق آرمی چیف ہیں۔پشاور ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کو تاحیات نااہل قرار دے رکھا ہے۔تاحیات نااہلی کا ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے وکیل کی فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پرویز مشرف کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دے کر پرویز مشرف کو 13 جون کو لاہور طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف عدالت میں پیش ہوجائیں انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔انکی ذاتی حیثیت میں پیشی کے بعد ہی نااہلی کے معاملے کو دیکھا جائے گا۔ پرویز مشرف کی کا غذات نامزدگی عدالتی فیصلے سے مشروط ہو گی۔