Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اسٹاک: سرمایہ کاروں کو مارکیٹ کیپٹلائزیشن کی مد میں 35ارب ریال کا فائدہ

سارے اشاریے مثبت، کاروباری مالیت میں 23.6فیصد اضافہ، سابک کا 22فیصد ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کا اعلان
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔ تداول آل شیئر انڈیکس 183.31پوائنٹس کے زبردست اضافے کے بعد 8344.39پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ سارے اشاریے مثبت زون پر بند ہوئے۔ پرائس انڈیکس میں 2.25فیصد اضافہ، سودوں اور حجم میں بالترتیب 21.8فیصد اور 11.2فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔ کاروباری مالیت 23.6فیصد اضافے کے بعد 19ارب ریال تک پہنچ گئی۔ قیمتیں بڑھنے سے سعودی اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کو مارکیٹ کیپٹلائزیشن کی مد میں 35ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ انفرادی کمپنیوں میں سب سے زیادہ فائدہ المراعی کو ہوا۔ جس کی قیمت 14.91فیصد فروغ کے بعد 60.90ریال پر بند ہوئی جبکہ نیشنل میڈیکل کیئر کی قدر 12.50فیصد اضافے کے بعد 55.80ریال پر پہنچ گئی۔ نقصان کے لحاظ سے اکساد انشورنس ٹاپ پر رہی۔ جس کی قیمت 9.74 فیصد کمی کے بعد 21.86ریال تک گر گئی جبکہ نقصان کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر السریع گروپ رہا جسکی قدر 6.90فیصد انحطاط کے بعد 18.62ریال پر بند ہوئی۔ گزشتہ ہفتے سابک نے سال کا پہلا ڈیویڈنڈ ششماہی ختم ہونے سے پہلے ہی دیدیا۔ جس کے مطابق جن سرمایہ کاروں کے نام کمپنی بک میں 30اگست تک موجود ہونگے انہیں 22فیصد کیش ڈیویڈنڈ دیا جائیگا جس کی تقسیم کی تاریخ 18ستمبر رکھی گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ خرید و فروخت سابک ہی میں ہوئی جس کی ویلیو 3.6ارب ریال رہی۔ سابک کی قیمت چونکہ پہلے ہی بڑھ چکی تھی اور ڈیویڈنڈ کی تقسیم کی تاریخ بھی ابھی دور ہے اس لئے اسکی قیمت 2.76فیصد کمی کے بعد 126.80ریال پر بند ہوئی۔ دالارکان میں 1.9ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی او راسکی قیمت 7.53فیصد فروغ کے بعد 11.14 ریال پر پہنچ گئی۔ سہارا اور سعودی انٹرنیشنل پیٹروکیمیکل کمپنی دونوں نے اعلان کیا ہے کہ دونوں کمپنیوں کے الحاق کی باتیں ہورہی ہیں مگر ابھی کچھ فائنل نہیں ہوا ہے۔ ریدان لحم مندی والوں نے جن کا کل سرمایہ 225ملین ریال ہے 5فیصد ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
 

شیئر: