نیوزی لینڈ ویمنز کا ون ڈے میں ریکارڈ اسکور
ڈبلن: نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم نے 490رنز بنا کر ون ڈے انٹر نیشنل میچ میں سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ قائم کردیا ۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں مقررہ50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 490 رنز کا مجموعہ ترتیب دے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔نیوزی لینڈ نے ون ڈے کی تاریخ میں سب سے بڑے مجموعے کا اپنا ہی 21 سالہ پرانا ریکارڈ توڑا ہے جہاں اس سے قبل انہوں نے 1997 میں پاکستان ویمنز ٹیم کے خلاف 455 رنز کا مجموعہ ترتیب دے کر عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔ یہ نہ صرف ویمنز بلکہ مینز کرکٹ کے حوالے سے بھی ون ڈے میچ کا سب سے بڑا اسکورہے۔ مینز ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 444 رنز بنانے کا ریکارڈ انگلینڈ کے پاس ہے۔ڈبلن میں کھیلے گئے میچ کے دوران کیوی کپتان سوزی بیٹس نے 151 رنز کی غیرمعمولی اننگز کھیلی۔ میڈی گرین 121 رنز بنا کر دوسری نمایاں کھلاڑی رہیں جبکہ ایمیلیا کیر 81 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم 144 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔نیوزی لینڈ نے 346 رنز سے فتح سمیٹ کر ویمنز کرکٹ میں چوتھی بڑی فتح بھی اپنے نام کر لی ۔کیوی ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں خود یقین نہیں آرہا کہ وہ اور ان کی ٹیم اتنا بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔