نیب : نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس تعطل کا شکار؟
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کی عدالت میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے وکیل خواجہ حارث نے پاناما سے متعلق جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا ءپر جرح جاری رکھنی تھی تاہم ان کی جانب سے وکالت نامہ واپس لینے کی درخواست دائر کرنے کے بعد کیس بظاہر تعطل کا شکار دکھائی دیتا ہے۔ ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر سابق وزیرا عظم بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ ریفرنس کی سماعت کے آغاز پر ہی نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اپنا وکالت نامہ واپس لینے کی درخواست دے دی اور کہا کہ سپریم کورٹ میں ان کا موقف تسلیم نہیں کیا گیا اور عدالت عظمیٰ کی جانب سے دی گئی ڈکٹیشنز کے بعد ایسے حالات میں وہ کام مزید جاری نہیں رکھ سکتے جس کے بعد خواجہ حارث اور نواز شریف نیب عدالت سے روانہ ہو گئے۔