ریاض۔۔۔سعودی سربر آوردہ علماء بورڈ کے رکن شیخ عبداللہ المطلق نے مملکت کے مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل شیخ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علماء بورڈ میں مفتی خواتین کی تقرری کریں۔ شیخ المطلق نے المجد چینل کے خصوصی پروگرام کے دوران مفتی اعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی اور ام القریٰ یونیورسٹی سے اسلامی علوم میں اعلیٰ ڈگریاں لینے والی سعودی خواتین کو علماء بورڈ کا حصہ بنائیں۔ وہ خواتین کے مسائل بہتر شکل میں بیان کرسکیں گی اور علماء کو خواتین کے مسائل سننے اوران کے حکام بیان کرنے سے رخصت مل جائے گی۔ فقیہ خواتین مرد فقہ کے مقابلے میں زنانہ مسائل زیادہ بہتر شکل میں بیان کرسکتی ہیں۔ علاوہ ازیں خواتین مفتی خواتین سے استفسار کرتے وقت زیادہ کھل کر گفتگو کرسکیںگی۔