Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ: صلاح کو روکنے کا طریقہ سرگیو راموس نے بتا دیا

 
ماسکو: فیفا ورلڈ کپ کے میزبان روس کی ٹیم کے ایک دفاعی کھلاڑی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میچوں کے دوران مصری سپر اسٹار محمد صلاح کو روکنے کے لئے سرگیو راموس والا طریقہ سب سے موثر ثابت ہو سکتا ہے ۔ ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے بعد جب ایلیا کیوٹیپوو سے مصری کھلاڑی محمد صلاح کو کنٹرول کرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے واضح کہا کہ وہی کرنا پڑے گا جو رئیل میڈرڈ اور اسپین کے سرگیو راموس نے کیا تھا ۔ ایلیا چیمپیئنز لیگ فائنل کے اس واقعے کا حوالہ دے رہے تھے جس کے دوران راموس نے مبینہ طور پر صلاح کو نہ صرف گرایا بلکہ ان کا بازو بھی آخر تک اس طرح جکڑے رکھا کہ وہ اس میچ میں دوبارہ نہیں کھیل پائے اور رئیل میڈرڈ کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ دور ہونے کے نتیجے میں ہسپانوی کلب نے مسلسل تیسری مرتبہ یہ ٹائٹل جیت لیا تھا۔ورلڈ کپ کے ابتدائی راونڈ میں گروپ اے میں روس کے ساتھ مصر کی ٹیم بھی شامل ہے اور میزبان کے ساتھ اس کا دوسرا میچ ہے ۔روسی دفاعی کھلاڑی کے اس بیان نے واضح کردیا ہے کہ روسی ٹیم محمد صلاح کو کھل کر کھیلنے سے روکنے کے لئے ہر حربہ آزمائے گی اور اس میں جسمانی ٹیکنیکس شامل ہوں گی۔ایلیا کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں صلاح کے ممکنہ کھیل سے کوئی پریشانی نہیں اور ہم نے اس سے نمٹنے کے لئے اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے اور اس کے لئے ہمارے پاس راموس والی مثال موجود ہے ۔روسی کھلاڑی کے مطابق راموس نے انہیں ایک راستہ سجھا دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوگی کہ صلاح ہمارے خلاف میچ کھیلیں کیونکہ ان جیسے کھلاڑی کے خلاف کھیلتے ہوئے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

شیئر: