انتخابات 2018: کاغذات نامزدگی کی جانچ شروع
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق آج سے شروع ہونے والے اس عمل کو متعلقہ حلقے کے ریٹرننگ افسران انجام دیں گے اور یہ جانچ پڑتال 19 جون تک جاری رہے گی جبکہ اقلیتی اور خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کی اسکروٹنی بھی آج ہی سے شروع ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 جون تک بڑھا دی گئی تھی جس کے بعد آج سے ان کی جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہے جس کے بعد کاغذات مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جون تک دائر کی جا سکیں گی اور انہیں 27 جون تک نمٹا دیا جائے گا ۔ نظر ثانی شدہ ابتدائی فہرست 28 جون کو جاری کردی جائے گی۔ 29 جون تک امیدواراپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے اور 30 جون کو الیکشن کمیشن انتخابی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکروٹنی کا عمل شفاف بنانے کے لیے ایف آئی اے، نادرا، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کے نمائندے تعینات کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ رواں برس ملک میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔