19 ہزار امیدوار انتخابی میدان میں کودنے کو تیار
اسلام آباد: آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں پہلا مرحلہ گزشتہ روز مکمل ہوگیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے توسیع کے بعد امیدواروں کو 11 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرانے تھے۔ الیکشن کمیشن کو آخری تاریخ تک 19 ہزار سے زائد کاغذات نامزدگی موصول ہوئے۔ جسکے بعد آج سے کاغذات کی جانچ پڑتال کیلئے یہ فارم نیب، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کو بھیج دیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کےلئے سب سے زیادہ کاغذات نامزدگی۔صوبہ پنجاب سے موصول ہوئے جن کی تعداد 8987 رہی جبکہ سندھ سے قومی اسمبلی کےلئے 4765 کاغذات وصول کیے گئے۔ خیبر پختونخوا سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے 2928 کاغذات جمع ہوئے ۔بلوچستان سے دونوں اسمبلیوں کیلئے 1675 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ فاٹا سے 345 اور اسلام آباد سے 93 کاغذات نامزدگی وصول کیے گئے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے اعداد شمار کے مطابق قومی اسمبلی کی 342 نشستوں کے لیے 5488 امیدوار ہیں۔