رانچی۔۔۔۔ریاستی دارالحکومت رانچی سمیت جھارکھنڈ کے مختلف اضلاع سے روزانہ اوسطاً2بچے غائب ہورہے ہیں۔ انکا سراغ لگانے میں محکمہ پولیس اور سیکیورٹی نظام بری طرح ناکام ثابت ہورہا ہے۔ سی آئی ڈی کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 5برسوں میں 1114بچے لاپتہ ہوئے ۔ ان میں بچیوں کی تعداد زیادہ ہے جن کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔یہ تعداد کئی گنا زیادہ ہوسکتی ہے کیونکہ سیکڑوں والدین نے اپنے بچوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج ہی نہیں کرائی اور اس امید پر بیٹھے ہیں کہ ان کا بچہ گھر ایک نہ ایک دن لوٹ آئیگا۔ بچوں کی اسمگلنگ روکنے کیلئے اینٹی ٹریفکنگ یونٹ ، چائلڈ لائن سمیت متعدد ادارے کام کررہے ہیں تاہم بچوں کی گمشدگی کے واقعات میں کمی نہیں آرہی۔اطلاع کے مطابق ریاست سے غائب ہونیوالے بچے ملک کے مختلف بڑے شہروں میں قائم کارخانوں ، فیکٹریوں میں بندھوا مزدورکے طور پرکام کررہے ہیں۔ متعدد بچیاں مختلف ریاستوں میں گھریلو کام کاج پر لگا دی گئی ہیں۔بعض غیر اخلاقی دھندے میں دھکیل دی گئیں۔ جھارکھنڈ سے کم عمر بچوں کو نوکری کا لالچ دیکر انسانی اسمگلربڑے شہروں میں لے جاکر فروخت کردیتے ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - -گرل فرینڈ کو زدوکوب کرنیوالا ارمان کوہلی گرفتار