عرب اتحاد نے الحدیدہ اور مضافات کیلئے ہنگامی امدادی منصوبے کا اعلان کر دیا
ریاض..... یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کیلئے قائم عرب اتحاد نے الحدیدہ شہر اور اس کے مضافات کیلئے فوری ہنگامی امدادی منصوبے کا اعلان کردیا۔ وسیع پیمانے پر بنیادی ضرورت کا سامان تقسیم کیا جائیگا۔ متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت برائے امور عالم مریم ہاشمی نے اعلان کیا کہ غذائی اشیاء اور بنیادی انسانی ضروریات ذخیرہ کردی گئی ہیں۔ ہنگامی بنیادوں پر تقسیم ہونگی۔ الہاشمی نے بتایا کہ عرب اتحاد کے جہاز ،طیارے اور ٹرک یمنی عوام کی جملہ فوری ضرورتیں پوری کرنے کیلئے ادویہ اور غذائی اشیاء لیکر یمن پہنچے ہوئے ہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ اگر حوثیوں نے الحدیدہ بندرگاہ میں مزید تباہ کاری مچائی یا کسی اور بندرگاہ کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کرنے کی کوشش کی تو ایسی صورت میں ہنگامی اسکیموں پر عمل درآمد کرکے الحدیدہ اور مضافاتی علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل و تقسیم کا انتظام ہوگا۔