Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفاورلڈ کپ: ابتدائی میچ میں محمد صلاح کی شرکت مشکوک

ماسکو: مصر کے اسٹار فٹبالراور فارورڈ کھلاڑی محمد صلاح کی یوراگوئے کے خلاف ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں شرکت مشکوک ہے۔ مصری فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ محمد صلاح نے ورلڈ کپ کے میچز سے قبل پریکٹس سیشنز میں شرکت کی لیکن ابھی یہ بات کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ محمد صلاح جنوبی امریکی ٹیم کے خلاف میچ میں شرکت کریں گے یا نہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مصری فارورڈ آہستہ آہستہ صحتیاب ہورہے ہیں، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی جاسکتی کہ وہ اگلا میچ کھیلیں گے۔ ادھر مصری ٹیم کے کوچ نے گزشتہ روز پریکٹس سیشن کے دوران محمد صلاح کو مختلف ورزشیں کرائیں جن کے ان کے کندھے کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ٹیم کے فزیو موجود تھے ۔مصری فٹبال ٹیم کے منیجر میڈو کا کہنا ہے کہ میں اتنا کہہ سکتا ہوں کہ ہم سب پرامید ہیں کہ محمد صلاح آئندہ میچ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ محمد صلاح بہتر ہورہے ہیں تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہ میچ کے پہلے ہاف میں میدان میں آئیں گے یا پھر دوسرے ہاف میں ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہرحال ہمارے پاس ایک بہترین ٹیم ہے، جو بہت متوازن ہے اور اسی سے ہمیں امید ہے کہ یہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔ چاہتے ہیں محمد صلاح ٹیم کا حصہ بنیں کیونکہ انہوں نے اپنی ٹیم کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ورلڈ کپ تک پہنچانے میں بہت محنت کی ہے۔خیال رہے کہ محمد صلاح، لیور پول اور رئیل میڈرڈ کے درمیان چیمپیئز لیگ کے فائنل میں کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ مصر گروپ اے میں میزبان روس، سعودی عرب اور یوراگوئے کے ساتھ شامل ہے ۔

شیئر: