اوساکا۔۔۔جاپان کے شہر اوساکا میں پیر کی صبح آنے والے زلزلے میں ایک بچی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 90 افراد زخمی ہوگئے۔زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز اوساکا کے شمالی علاقے میں 13 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ زلزلہ بہت شدت سے محسوس کیا گیا تاہم سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔زلزلے سے کئی علاقوں میں دیواریں گر گئیں اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیںجبکہ کئی سڑکوں میں گڑھے پڑ گئے اور پانی کی پائپ لائنز پھٹ گئیں جس کے باعث گھروں میں پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔اس حوالے سے مقامی پولیس نے بتایا کہ ٹکاسوکی شہر کے ہلاک ہونے والی بچی کی عمر 9 سال تھی جو اسکول میں دیوار گرنے سے ہلاک ہوئی جبکہ 80 سالہ شخص بھی دیوار گرنے کی زد میں آکر ہلاک ہوا۔ہلاک ہونے والے تیسرے شخص کی عمر 84 سال تھی جو اپنے گھر میں زلزلے کے باعث بک شیلف گرنے سے ہلاک ہوا۔ زلزلے کے باعث بیشترعلاقوں کی بجلی معطل ہوگئی۔کنسائی الیکٹرک کمپنی کے مطابق تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار گھر بجلی سے محروم ہیں۔ اس کے ساتھ شہر میں کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھنے کی بھی اطلاعات ہیں۔