ریاض:بزمِ شاہین کے زیر انصرام150اسکولوں کے مابین مقابلہ حُسنِ قرأت
ججز کے فرائض قاری شفیع، قاری عبدالوہاب اور قاری عبدالواحد نے سرانجام دئیے، کی صدارت پروفیسر آصف قریشی نے کی،میاں عبدالحامد مہمان خصوصی تھے
ریاض ( ذکاء اللہ محسن)- - - -ریاض میں بزم شاہین کے زیر انصرام مقابلہ حسن قرأت کا انعقاد کیاگیا جس میں مختلف اسکولوں کے150 سے زائد بچوں نے حصہ لیا۔مقابلہ حسن قرأت کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر آصف قریشی نے کی جبکہ مہمان خصوصی میاں عبدالحامد تھے۔
تقریب کا آغاز قاری عبدالواحد نے کلام اللہ کی تلاوت سے کیا جبکہ نعت طیبہ کی سعادت عمران الٰہی نے حاصل کی ۔بعدازاں پروگرام کے آرگنائزر یوسف صدیقی نے بزم ریاض کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔
مقابلہ حسن قرات کا آغاز جونئیر کیٹگری سے کیا گیا جس میں پہلی سے چھٹی جماعت کے طلباء نے انتہائی خوش الحانی کے ساتھ آیات قرآنی کی تلاوت کی۔ پروگرام کے وقفے میں سہیل نصیر الدین نے بچوںسے قرآنی معلومات پر مبنی سوالات پوچھے اوردرست جوابات دینے والے بچوں کو انعامات دئیے ۔ اس کے بعد سینیئر بچوں کے مابین مقابلہ حسن قرأت کا آغا ز کیا گیا جس میں نوجوانوں نے تجوید کے ساتھ خوبصورت انداز میں کلام الٰہی کی آیات مبارکہ کی تلاوت کی جس پر حاضرین نے سبحان اللہ کہہ کر ان کو داد بھی دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
مقابلہ حُسن قرأت کے لئے ججز کے فرائض قاری شفیع، قاری عبدالوہاب اور قاری عبدالواحد نے سرانجام دئیے۔ ان کی معاونت ظفر جمیل اور محمد اشرف نے کی۔ بزم شاہین کے صدر سید واصل حسین نے تقریب میں حصہ لینے والے طلباء کی کارکردگی کو سراہا اور والدین سے کہا کہ وہ بزم کے ماہانہ پروگراموں میں بچوں کی شرکت کو یقینی بنانے کا اہتمام کریں۔
تقریب کے مہمان خصوصی میاں عبدالحامد نے کہا کہ بچوں کے کریئر کے انتخاب سے پہلے ان کی دینی و اخلاقی تربیت سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔مقابلے میں کامیاب ہونے والے طلباء کو پروفیسر آصف قریشی اور میاں عبدالحامد نے اعزازی سر ٹیفکیٹ اور شیلڈز دیں۔
جونیئر کیٹگری میں محمد عمر نے پہلی، رہان اہد نے دوسری جبکہ ارسلان تنویر نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔سینیئر طلباء میں سے حماد نجیب، احمد اعظم اور محمد فضل الرحمان نے بالترتیب پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس کے علاوہ عبدالرحمن صدیقی عبدالسلام بن عمر اور محمد احمد نے حفاظ کیٹگری میں بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔