Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصری فٹبالرصلاح کاانٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ پر غور!

  گروزنی:مصری فٹبالر محمد صلاح سے شیشانی سربراہ رمضان قادروف کی ملاقات اور بعد ازاں انہیں متنازعہ لیڈر کی جانب سے شیشان کی اعزازی شہریت دینے کے معاملے نے صلاح کو پریشان کردیا ہے او ر وہ انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائر منٹ پر غور کرہے ہیں۔ ادھر انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن میں مصری نمائندے اعصام عبدالفتح نے ان قیاس آرائیوں کو بڑے جھوٹ سے تعبیر کیا ہے ۔یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں شریک مصری ٹیم نے شیشان کے دارالحکومت گروزنی میں اپنا کیمپ لگا رکھا ہے ۔ فیفا ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل شیشان کے سربراہ رمضان قادروف اچانک مصری ٹیم کے کیمپ پہنچ گئے اور محمد صلاح کا ہاتھ پکڑے ان کے ساتھ اسٹیڈیم کا چکر لگاتے ہوئے تصاویر بنوائیں جو فوراً ہی سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو گئیں ۔ اس وقت بھی یہ بات کہی جا رہی تھی کہ انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں میں ملوث اور امریکی پابندیوں کا شکار شیشانی رہنما مصری ٹیم اور خاص طور پر صلاح کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں۔بعد ازاں ان کی جانب سے صلاح کو اعزازی شہریت دیئے جانے کے اعلان اور اس حوالے سے صدارتی محل میں ہونے والی تقریب نے پھر اس معاملے کو تازہ کردیا ۔ صلاح اس صورتحال سے سخت پریشن ہیں اور ان کے خیال میں اس معاملے میں انکا استحصال کیا جارہا ہے۔روسی صدر پوٹین کے حمایت یافتہ رمضان قادروف نے مصری ٹیم کی گروزنی میں موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ سب کچھ کیا جبکہ مصری ٹیم یا صلاح اس پوزیشن میں نہیں کہ کوئی مزاحمت کرسکیں۔ رمضان قادروف نے روسی سوشل میڈیا پر ایک پیغام بھی جاری کیا جس میں یہ کہا گیا کہ محمد صلاح نے اپنے اور ٹیم کے غیر متوقع گرمجوشی سے استقبال ، شاندار تربیتی سہولتوں اور ماحول پر ہمارا شکریہ ادا کیا ہے ۔ عام تاثر یہی ہے کہ مستقبل قریب میں یہ معاملہ صلاح کیلئے پریشانی کا سبب بنے گا۔ اس صورتحال کی وجہ سے صلاح قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ پر غور کررہے ہیں۔ اعصام عبدالفتح نے ان اطلاعات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بہت بڑا جھوٹ ہے اور انہیں حیرت ہے کہ میڈیا اسے کیوں اس انداز میں اچھال رہا ہے۔ہم گروزنی میں مہمان ہیں اور اس پوزیشن میں نہیں کہ وہاں کی حکومت کے سربراہ کی جانب سے دی جانی والی دعوت ٹھکراسکیں یا انہیں اسٹیڈیم آنے سے روک سکیں۔ یہ سب کچھ معمول کا حصہ ہے لیکن بعض حلقے جان بوجھ کر کھیل اور سیاست کو اپنے مفاد کےلئے گڈ مڈ کررہے ہیں ۔

شیئر: