آئی ایس آئی دفتر کے سا منے سڑک کھولنے کا حکم چیلنج
اسلام آباد...وزارت دفاع نے حساس ادارے کے دفتر کے باہر سے سڑک کھولنے کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بنچ کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ آئی ایس آئی ملک کی سب سے بڑی ایجنسی ہے اور اسے ملک کے باقی اداروں سے زیادہ خطرات ہیں۔درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حصار بنایا گیا ہے۔آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کے گردونواح میں متبادل سڑکیں بنا دی گئیں۔سیکرٹری دفاع کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار کی جانب سے فیض آباد اڈے سے متعلق درخواست دائر کی گئی ۔اس میں وزارت دفاع کو فریق نہیں بنایا گیا۔عدالت نے خود ہی آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر کے باہر سے تجاوزات ہٹانے کا حکم نامہ جاری کردیا۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل رکنی بنچ نے فیض آباد اڈہ کیس میں شہر سے تجاوزات ہٹانے کا حکم نامہ جاری کیاجس میں حساس ادارے کے دفتر کے باہر سے 40کنال اراضی واگزار کروانے کا بھی حکم دیاگیا۔