بیلٹ پیپرز کی چھپائی یکم جولائی سے شروع ہوگی
اسلام آباد... الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کےلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ۔21کروڑ کے قریب بیلٹ پیپرز کی چھپائی پر مجموعی طور پر 2ارب روپے سے زائد رقم خرچ ہوگی۔10کروڑ کے قریب بیلٹ پیپرز نیشنل سیکورٹی پرنٹنگ پریس،7کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرزپوسٹل پرنٹنگ پریس جبکہ3 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرزپرنٹنگ کارپوریشن سے چھاپے جائیں گے ۔چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ پرنٹنگ پریسز کے سربراہان نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لئے تیاریاں مکمل ہیں۔ یکم جولائی سے بیلیٹ پیپرز کی پرنٹنگ شروع کر دی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق اضافی بیلٹ پیپرز نہیں چھاپے جائیں گے ۔ اگرکسی پولنگ اسٹیشن پر 1201 سے 1299 ووٹرز ہوئے تو 1300 بیلٹ پیپرز چھاپے جائیںگے ۔ اسلام آباد، لاہوراورکراچی کی پرینٹنگ پریس پر فوج تعینات کی جائے گی ۔