ذیابیطس کے مریضوں کیلئے خوشخبری
کیمبرج ..... امریکی ماہرین نے ذیابیطس کے مریضوں کے لئے انسولین کی گولی تیار کر لی۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ذیابیطس کے مریضوں کےلئے روزانہ ٹیکوں کے ذریعے انسولین بدن میں داخل کرنے کا عمل خاصا تکلیف دہ ہوتا ہے لیکن اب ٹائپ ون ذیابیطس کے لا کھوں کروڑوں مریضوں کےلئے ایک نیا طریقہ امید کی کرن بن سکتا ہے۔ اس میں وہ عام گولی کی طرح انسولین کو منہ کے ذریعے جسم کا حصہ بناکر خون میں شکر کی مقدار قابو میں رکھ سکتے ہیں۔اسی ای اے ایس سے وابستہ ماہر ڈاکٹر سمیر متراگورتی نے کہا، ’انسولین کے ٹیکوں سے مریض خوفزدہ ہوتے ہیں اوراسی لیے وہ باقاعدگی سے انسولین استعمال کرتے ہوئے گھبراتے ہیں۔ اس سے ان کی صحت مزید خراب ہوتی ہے اور دیگر پیچیدگیاں جنم لیتی ہیں۔ڈاکٹر سمیر کے مطابق یہ کیپسول تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے، جسمانی تیزابوں کو ناکارہ بناتے ہوئے انسولین کو خون میں جذب کرتا ہے اور اس کا اثر عین انسولین کی طرح ہوتا ہے۔ ابتدائی طور پر اسے جانوروں پر کامیابی سے آزمایا جاچکا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں اسے انسانوں پر آزمایا جائے گا جس میں کامیابی کے بعد انسولین بھرے کیپسول دستیاب ہوسکیں گے۔