Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

القدس سفارتخانہ منتقل کرنےوالے ممالک کا اقتصادی بائیکاٹ کیا جائے، عرب پارلیمنٹ

 ریاض..... عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر مشعل السلمی نے مقبوضہ بیت المقدس اپنا سفارتخانہ منتقل کرنے والے ممالک کے اقتصادی بائیکاٹ کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے عرب پارلیمنٹ کے ماتحت فلسطینی کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر الفتح تحریک کی مرکزی کمیٹی کے رکن عزام الاحمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بائیکاٹ کی اپیل کا مقصد ایسے ممالک کو لگام لگانا ہے جو مقبوضہ القدس سفارتخانہ منتقل کرنا چاہ رہے ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اجلاس میں امریکی سفارتخانہ القدس منتقل کرنے اور پھر گو ئٹے مالا اور پیراگوائے کی جانب سے اپنے سفارتخانے القدس منتقل کرنے یا دیگر ممالک کی جانب سے اس اقدام کا عندیہ دینے کے نتائج سے نمٹنے کیلئے مختلف تجاویز اور اقدامات زیر بحث آئے۔ انہوں نے کہا کہ عرب پارلیمنٹ کے ماتحت فلسطینی کمیٹی کا بنیادی ہدف امریکی فیصلے کے نتائج سے نمٹنا ہے۔ السلمی نے امریکی فیصلے سے نمٹنے کیلئے عرب پارلیمنٹ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے سب سے پہلا کام تو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فلسطینی عوام کیخلاف وحشیانہ جرائم کی مذمت اور قابض حکام کو بین الاقوامی قراردادوں کی تعمیل پر مجبور کرنے اور امریکی حکومت کے مذکورہ فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی صورت میں کیاگیا۔ دوسرا اقدام یہ کیاگیا کہ اقوام متحدہ امن عمل کی سرپرستی کیلئے عالمی کانفرنس منعقد کرے۔ انہوں نے بتایاکہ عرب پارلیمنٹ افریقہ ، یورپ ، لاطینی امریکہ اور بحیرہ روم کے ساحلی ممالک کی قومی اسمبلیوں سے تحریری رابطے کرکے ان سے غرب اردن اور القدس میں اسرائیلی بستیوں میں سرمایہ کاری پر پابندی کے فیصلے کرائے گی۔ علاوہ ازیں پیراگوائے اور گوئٹے مالا کے ارکان پارلیمنٹ سے رابطے کرکے ان کی حکومتوں کے فیصلوں کی مذمت کرے گی اور ان پر واضح کیا جائے گا کہ عرب عوام القدس سفارتخانہ منتقل کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ اس سے عالمی امن و سلامتی کو بڑے خطرا ت لاحق ہونگے۔ ان ممالک کے پارلیمانی اداروں سے بھی رابطہ کیا جائے گا جن کی حکومتوں نے اپنے سفارتخانے القدس منتقل کرنے کا عندیہ دیا ہے یا جن ممالک نے القدس سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کیخلاف ووٹ دیا ہے۔ عرب پارلیمنٹ اس سلسلے میں فلسطینی قومی اسمبلی اور عرب لیگ کے ساتھ ربط و ضبط پیدا کرکے کارروائی کرے گی۔ 
 

شیئر: