نئی دہلی۔۔۔۔دہلی میں براڑی علاقے کے مکان میں 11افراد کی پر اسرار موت کی گتھی سلجھتی نظر آرہی ہے۔ ایک ہی خاندان کے 11افراد کی موت کے معاملے میں پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی جس میں بتایا گیا کہ سبھی افراد کی موت لٹکنے کی وجہ سے ہوئی۔77سالہ خاتون نارائن دیوی کی بھی موت پھانسی لگانے سے ہوئی جبکہ پہلے بتایا گیا تھا کہ اس کی موت گلا گھونٹنے سے ہوئی۔خاندان کے دیگر لوگوں نے ایک دوسرے کو لٹکنے میں مدد دی۔ کسی کے جسم پر تشدد کے نشان نہیں ۔بعض خالی پیٹ تھے اور دیگر نے کھانا کھا رکھا تھا۔پولیس نے ابتک کی تحقیقات میں بیٹے للت کو اس اجتماعی خود کشی کا ماسٹر مائنڈ پایا۔وہ خواب میں اپنے والد گوپال داس سے باتیں کیا کرتا تھاجن کی موت 10سال قبل ہوچکی تھی۔وہ خواب میں ہونیوالی تمام باتیں رجسٹر میں تحریر کیا کرتا تھا۔جیسے ’’میں کل یا پرسوں آؤنگا ، نہیں آیا تو پھر بعد میں آجاؤنگا، للت کی فکر مت کرو تم لوگ ، میں جب آتا ہوں تو یہ تھوڑا پریشان ہوجاتا ہے ، ماں سب کو روٹی کھلائے گی۔‘‘پولیس نے دعویٰ کیاکہ 11افراد کی پر اسرار موت سے جلد پردہ اٹھ سکتا ہے ۔ اس سلسلے میں چند مشکوک افراد کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ شروع کردی گئی۔
مزید پڑھیں:- - - - -طوطے کیلئے خاتون 71ہزار روپے گنوا بیٹھی