Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیری مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کیلئے درپردہ سمجھوتوں کا نوٹس لیا جائیگا، تحفظ صارفین

دمام .... تحفظ صارفین انجمن نے انتباہ دیا ہے کہ ڈیری مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کیلئے اگرمتعلقہ کمپنیوں نے درپردہ کوئی سمجھوتہ کرکے اجارہ داری کی پالیسی کو آگے بڑھانے کی کوشش کی تو اس کا نوٹس لیا جائیگا۔ یہ انتباہ المراعی کمپنی کی جانب سے بعض ڈیری مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے اعلان کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ المراعی نے اضافے کا جواز یہ کہہ کر بیان کیا کہ بجلی، نقل و حمل، چارے کی درآمد او رعملے کی لاگت میں اضافے سے مجبور ہوکر بعض ڈیری مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔ دریں اثناءمملکت بھر میں صارفین نے ڈیری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سوشل میڈیا کے توسط سے زبردست احتجاج کیا ہے او رتحفظ صارفین انجمن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈیری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کیلئے سامنے آئے۔ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ صارفین کو مطلوبہ اشیاءخریدنے میں آزادی کا احساس رہے۔ مملکت کے معروف قلمکار عبدالعزیز الخضیری نے توجہ دلائی کہ وزارت تجارت مخصوص حالات ہی میں ڈیری مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کو روکنے کیلئے مداخلت کرسکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب آزاد معیشت کے نظام کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔ وزارت تجارت صرف تین صورتوں میں نرخوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کرسکتی ہے۔ پہلی صورت یہ ہے کہ سبسڈی والی اشیاءکے نرخ بڑھائے جائیں۔ دوسری صورت یہ ہے کہ بلا کسی معقول جواز کے نرخوں میں اضافہ کیا جائے۔ تیسری صورت یہ ہے کہ متعلقہ کمپنی مسابقت کے نظام کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو۔ الخضیری نے کہا کہ ہر حالت میں نرخوں کو کنٹرول کرنے کا واحد حل صارفین کے ہاتھ میں ہے۔ صارفین بائیکاٹ کرکے متعلقہ کمپنی کو سبق سکھا سکتے ہیں۔ ماہر اقتصاد برجس البرجس نے بتایا کہ المراعی کو گزشتہ 10برسوں کے دوران 15ارب ریال سے زیادہ کا منافع ہوا ہے یعنی اسکا مطلب یہ ہوا کہ سہ ماہی منافع اوسطاً 375ملین ریال ہوا ہے۔ المراعی نے 6برس کے دوران اپنا منافع 1.3ارب ریال سے بڑھا کر 2.2ارب ریال تک پہنچا لیا۔ ایسی حالت میں اسے اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔سعودی قلمکار وائل القاسم نے توجہ دلائی کہ نرخوں میں اضافے کا فوری زبردست اور فیصلہ کن حل بائیکاٹ کے سوا کچھ بھی نہیں۔
 

شیئر: