پاکستانی عازمین کی پہلی حج پرواز 14 جولائی کو مدینہ منورہ پہنچے گی ، ڈاکٹر ساجد یوسفانی
امسال پاکستان کو 5ہزار کا اضافی کوٹہ ملا ،مجموعی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار ہو گی ، قیام طعام کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ، ڈائریکٹر جنرل حج کی اردونیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا ہے کہ امسال سعودی وزارت حج کی جانب سے پاکستان کے لئے حج کوٹے میں خصوصی طور پر 5 ہزار کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ پاکستان سے پہلی حج پرواز 14 جولائی کو اسلام آباد سے مدینہ منورہ پہنچے گی ۔ اردونیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل حج نے مزید کہا کہ پاکستان کو ملنے والے خصوصی اضافی کوٹے کے بعد امسال عازمین کی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 216 ہے جن میں سے ایک لاکھ 7 ہزار 526 حکومتی اسکیم کے تحت جبکہ 76690 پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے ارض مقدس آئیں گے ۔ جدہ حج ٹرمنل پر سرکاری اسکیم کے تحت پہلا قافلہ 25 جولائی کو پہنچے گا ۔ ڈاکٹر یوسفانی نے مزید کہا کہ براہ راست مدینہ منورہ آنے والے عازمین کی تعداد 48 ہزار ہو گی ۔ پاکستان کے 10 شہروں سے جن میں کراچی ، اسلام آباد ، کوئٹہ ، پشاور ، لاہور ، فیصل آباد ، ملتان ، رحیم یار خان ، سیالکوٹ اور سکھر شامل ہیں سے عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے ارض مقدس پہنچیں گے ۔ مملکت آمد سے قبل عازمین کے فنگر پرنٹس کے حوالے سے سوال پر ڈاکٹر یوسفانی نے کہا کہ سعودی وزارت حج کی پالیسی کے مطابق پاکستان میں اعتماد کے ادارے میں عازمین کی فنگر پرنٹس لینے کا سلسلہ جاری ہے جس کے لئے مذکورہ ادارے نے پاکستان کے مختلف شہروں میں خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔عازمین کو فراہم کی جانے والی ٹرانسپورٹ سروس کے بارے میں ڈی جی حج کا کہنا تھا کہ حج مشن نے بس سروس کےلئے خصوصی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت پاکستانی عازمین کو نئے ماڈلز کی بسیں فراہم کی جائیں گی ۔ شہروں کے مابین چلنے والی تمام بسیں نئے ماڈلز کی وی آئی پی ہوں گی ۔ مکہ مکرمہ میں عازمین کو انکی رہائش سے حرم شریف لے جانے والی شٹل بس سروس کے بارے میں سوال پر انکا کہنا تھا کہ امسال بھی پاکستانی عازمین کی رہائش العزیزیہ اور بطحہ قریش میں ہے۔ عازمین کو حرم شریف لانے او ر لے جانے کے شٹل بس سروس کےلئے جس کمپنی سے معاہدہ کیا ہے اس کے مطابق تمام مجموعی طور پر 650 بسیں فراہم کی جائیں گی جن میں سے 170 بسیں 2019 ماڈل کی ہیں ۔امسال بھی عازمین کو دوران قیام مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ 3 وقت کا کھانا فراہم کیا جائیگا جن کمپنیوں کے ساتھ عازمین کو کھانا فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے انہیں اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ پاکستانی ذوق کا کھانا خاص کر تندوری روٹی عازمین کو لازمی فراہم کریں ۔ عازمین کے قیام و طعام کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ مکہ مکرمہ میں عمارتوں کی تعداد 194ہے جبکہ ایک اسپتال اور 10 ڈسپنسریاں قائم کر دی گئی ہیں ۔ امسال پاکستان سے آنے والے طبی عملے کی تعداد 540جبکہ معاونین 850 ہونگے 900 لوکل خدام بھرتی کئے گئے ہیں ۔