Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتراکھنڈ اور آسام میں طوفانی بارش سے سیلاب

نئی دہلی۔۔۔۔امسال مانسون نے دیر سے دستک دی مگر زبردست تباہی ساتھ لیکر آیا۔ملک کی مختلف ریاستوں میں طوفانی بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔شمالی ہند میں مانسون کی آمد کے بعد کئی ریاستوں میں شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔اترا کھنڈ کے دریاؤں میں سیلاب آگیا۔وہ خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہے ہیں۔آسام میں سیلاب سے ابتک32افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ گوہاٹی میں شدید بارش کی وجہ سے ندیاں دہانے سے اوپر بہہ رہی ہیں۔
مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی۔پتھورا گڑھ اورمالپا میں متعدد افراد سیلاب میں گھر گئے ۔ ریاست میں امداد و راحت رسانی کی متعدد ٹیمیں سیلابی ریلے میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔دہرہ دون کے ماہر موسمیات ایم ایم سکلانی نے کہا کہ 7جولائی تک بارش میں کمی آئیگی تاہم 8جولائی سے دوبارہ شدید بارش کا امکان ہے۔
ہماچل پردیش میں چنباکے بھرمور میں اچانک پانی کا ریلا آگیا جس میں 10افرادپھنس گئے جنہیں جے سی بی مشین کے ذریعے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔جموں و کشمیر کے پونچھ میں مسلسل بارش کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔آسام کے کوکرا جھار میں بھی بارش نے تباہی مچا رکھی ہے۔ دریائے برہم پتر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ متعدد گاؤں میں سیلاب آنے کی وجہ سے 50ہزار افراد پانی میں پھنس کر رہ گئے۔ دھیما جی ، لکھیم پور، بارپیٹ ، ڈبرو گڑھ ، کریم گنج اضلاع سیلاب کی زد میں ہیں۔مغربی بنگال کے کئی اضلاع سیلاب کی زد میں آگئے ۔ بانر ہاٹ میں تقریباً 10خاندان متاثر ہوئے اور مختلف قرئیے پانی میں ڈوب گئے۔
مزید پڑھیں:- - - - -ورنگل : پٹاخہ فیکٹری میں آتشزدگی،11افراد زندہ جل گئے

شیئر: