نیب ریفرنس کے دوران دھمکیاں ملتی رہیں‘ مریم نواز
لندن: مریم نواز نے انکشاف کیا ہے کہ نیب ریفرنس کے دوران انہیں مسلسل پیغام ملتے رہے کہ انہیں اپنی سوچ اور باتوں کے بدلے قیمت چکانی پڑے گی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیرا عظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹر پر ایک وڈیو پیغام جاری کیا ہے جس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ 70 برس سے پاکستان کی تقدیر کے ساتھ خفیہ ہاتھ کھیل رہے ہیں اور وہ ہر معاملے میں دخل اندازی بھی کرتے ہیں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ میرے خلاف مقدمے کے پیچھے بھی وہی سوچ ہے جو کہتی ہے کہ جو شخص انہیں چیلنج کرے گا وہ اسے نشان عبرت بنا دیں گے۔ اس تمام عرصے کے دوران نواز شریف کو بھی پیغام ملتے رہے کہ آپ مریم کو لے کر ملک سے باہر چلے جائیں اور پاکستان میں مت رہیں۔ اسی طرح مجھے بھی ایسے پیغام ملتے رہے کہ ہم آپ کو چھوڑیں گے نہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ مجھے مسلسل ایک ہی پیغام ملتا رہا کہ آپ کی سوچ، تقاریر اور بیانات پر سخت اعتراض ہے، جس کی آپ کو قیمت چکانی پڑے گی۔ ان کو یہ بھی لگا کہ میں نواز شریف کو ان کے خلاف بھڑکا رہی ہوں اور مجھ سے نمٹنا زیادہ مشکل ہے ۔