Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہار: طالبہ سے زیادتی کرنیوالے پرنسپل اور ٹیچر کو جیل

چھپرا۔۔۔۔نویں کلاس کی طالبہ سے مبینہ طور پر زیادتی اور بلیک میل کرنے کے الزام میں اسکول کے پرنسپل اور ایک ٹیچر کو پاکسو عدالت میں پیش کیا گیا۔کورٹ نے دونوں ملزمان کو 15دن کیلئے جیل بھیج دیا۔ دریں اثناء اس واقعہ میں ملوث اسکول کے 4طلبہ کونابالغ ہونے کے باعث تربیتی مرکز بھیج دیا گیا۔لڑکی نے پولیس اسٹیشن میں اسکول کے پرنسپل،2ٹیچرز اور 16طلبہ کیخلاف گزشتہ 7ماہ سے زیادتی کرنے کی شکایت درج کرائی تھی ۔گرفتار کئے گئے 6ملزمان کوسیشن جج اودے کمار اوپادھیائے کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت نے حکم دیا کہ 4طلبہ کے معاملے کی سماعت علیحدہ کی جائے اور بچوں کی عدالت بھیجا جائے تاکہ ان کی عمر کا صحیح اندازہ لگاسکے ۔ مجسٹریٹ راکیش منی تیواری نے متاثرہ لڑکی کا بیان قلمبند کیا۔اسکول کے پرنسپل نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ غلط طریقے سے پھنساکر انہیں اور اسکول کو بدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔چھپرا ضلع کے ایس پی ہر کیشور رائے نے بتایا کہ ملزمان کیخلاف آئی پی سی کی دفعہ 376(زیادتی) 506(جرم کی دھمکی )اور پاکسو ایکٹ کے تحت کیس درج کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول کے طلبہ نے لڑکی کے ساتھ زیادتی کا وڈیو بنالیا تھا ۔ لڑکے اسے وائرل کرنے کی دھمکیاں دیتے تھے ۔ متاثرہ لڑکی نے الزام لگایا کہ بعد میں پرنسپل اور 2ٹیچروں نے بھی اس سے زیادتی کا ارتکاب کیا۔لڑکی نے بتایا کہ والد کئی ماہ سے جیل میں تھے ۔جب وہ رہاہوکر آئے تو گزشتہ روز پولیس اسٹیشن میں جاکر واقعہ کی رپورٹ درج کرائی۔پولیس کے اعلیٰ افسر اجے کمار سنگھ کی سربراہی میں ایس آئی ٹی نے اسکول کا دورہ کیا اور پرنسپل اور ٹیچرز کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -بیوی نے شوہر کی پٹائی کر دی

شیئر: