نجی میڈیکل کالجز میں داخلوں پر پابندی
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلوں پر پابندی عاید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیفارم پالیسی نہ ہونے تک داخلے بند رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق نجی میڈیکل کالجز کے فیس اسٹرکچر پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ میڈیکل کاجز میں داخلے کا مرکزی نظام بنانا ہے۔ موجودہ نظام میں سقم ہیں۔ عدالت نے واضح کیا ہک میڈیکل کالجز میں فیس 8 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد نہیں ہوگی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ یہ عدالتی کارروائی کسی میڈیکل کالج کیخلاف نہیں، بلکہ عوامی مفاد کے تحت اس کیس کو دیکھ رہے ہیں۔ ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے 745ملین روپے میڈیکل کالجز سے ریکور کرکے طالب علموں کو واپس کیے ، ریکور کی گئی 745 ملین کی رقم گزشتہ سال فیس کی مد میں لی گئی تھی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ میڈیکل کالجز میں ایڈمیشن پر پابندی ہے ، جب تک عدالتی حکم واپس نہ ہو داخلے نہیں ہوں گے۔ عدالتی کارروائی میڈیکل کے شعبے کے لیے بڑی مفید ثابت ہوگی جب کہ یونیفارم پالیسی نہ ہونے تک داخلے بند رہیں گے ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی۔