12شعبوں کی 70فیصدسعودائزیشن کی خبر بے بنیاد ہے
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
ریاض.... سعودی وزارت محنت و سماجی فروغ کے ترجمان خالد ابا الخیل نے واضح کیا ہے کہ سعودیوں کیلئے مختص 12اقتصادی شعبوں کی سو فیصد سعودائزیشن میں تخفیف کے سارے دعوے من گھڑت اور سراسر غلط ہیں۔آئندہ برس کے شروع میں 12شعبوں کی سو فیصد سعودائزیشن ہوگی۔ سعودائزیشن کی شرح 70فیصد نہیں کی گئی۔سونے اور زیورات کی دکانوں، زنانہ لوازمات کی دکانوں پر سعودی خواتین کی تقرری، کمیونیکیشن اور رینٹ اے کار ایجنسیوں کی سو فیصد سعودائزیشن کے فیصلے سے پسپائی اختیار نہیں کی گئی۔ دوسری جانب وزارت محنت و سماجی فروغ نے نجی اداروں میں 60ہزار سے زیادہ اسامیاں سعودی شہریوں کے لئے مہیا کردیں۔ یہ فیصلہ وزیر محنت احمد الراجحی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ سعودائزیشن کی نگراں کمیٹی کے پہلے اجلاس میں سعودی خواتین و حضرات کیلئے مختلف پروگراموںپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت محنت نے آئندہ برس کے شروع میں 12اقتصادی شعبوں کی سعودائزیشن سے متعلق شرائط و ضوابط متعارف کرانے کیلئے خصوصی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔