بلوچستان میں سوگ‘ پرچم سرنگوں
مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گزشتہ روز ہونے والی دہشت گردی میں عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی سمیت 130 افراد کی شہادت پر صوبے سمیت ملک بھر میں سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ بلوچستان میں پرچم سرنگوں کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں درین گڑھ کے قریب بلوچستان عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 130 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ جس کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ درین گڑھ اور سراج رئیسانی کے آبائی علاقے کانک سمیت مستونگ بھرمیں سوگ منایا جارہا ہے۔ درین گڑھ اور کانک کے علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں بھی معطل ہیں۔ شہید ہونے والے سراج رئیسانی کے خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی نماز جنازہ شام ساڑھے 4 بجے ایوب اسٹیڈیم میں ادا کی جائے گی۔ اُدھر پنجاب بار کونسل نے مستونگ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کیاہے ، ماتحت عدالتوں میں آج وکلا پیش نہیں ہوں گے ۔ پنجاب بار کونسل نے وکلاشہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلا سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ علاوہ ازیں نگراں صوبائی وزیرداخلہ بلوچستان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستونگ خودکش حملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ صوبے میں پرچم سرنگوں کردیا گیا ہے۔