Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران، کم جونگ اُن کے نقش قدم پر

سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ
امریکی صدر ٹرمپ نے برسلز میں نیٹو سربراہ کانفرنس میں شرکت کے موقع پر منعقد ہ پریس کانفرنس میں بڑا معنی خیز بیان دیا ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ملاﺅں کے نظام کے سامنے خود کو یقینی خاتمے سے بچانے کا اب آخری موقع ہے۔ یہ انتباہ ایسے ماحول میں دیا گیا ہے جب ایک طرف تو ایران میں ہنگامے چل رہے ہیں، ملک کے اقتصادی اور سیاسی حالات دگرگوں ہورہے ہیں۔ ایرانی حکمرانوں نے یہ حالات عداوت برپا کرنے والی پالیسیاں اپنا کر خود ہی پیدا کئے ہیں۔ ایرانی حکمراں مشکوک ایٹمی پروگرام کے ذریعے عالمی برادری کو مسلسل چیلنج دے رہے ہیں۔ بین الاقوامی قواعد و ضوابط کی پابندی سے متعلق عالمی برادری کے مطالبات مسلسل مسترد کررہے ہیں۔ پڑوسی ممالک کی خودمختاری کے احترام اور خطے میں دہشتگردی اور مسلح جماعتوں کی فنڈنگ بند کرنے کی اپیلیں نظر انداز کررہے ہیں۔ 
ایسے وقت میں جبکہ ایران عالمی برادری اور اسکے قوانین و ضوابط کی تعمیل کو چکمہ دینے کے تمام حربے آزما چکا ہے۔صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ جس طرح شمالی کوریا کو آخری موقع دیا گیا، ویسا ہی موقع ایران کو بھی دیا جاسکتا ہے۔ اس موقع کے تحت شمالی کوریا کے رہنما ”کم جونگ اُن“ کیساتھ امریکی صدر ٹرمپ کی تاریخی سربراہ کانفرنس ہوئی ۔ دونوں رہنماﺅں نے تاریخی معاہدہ کیا ۔ طے کیا گیا کہ شمالی کوریا ایٹمی پروگرام اور بیلسٹک میزائل پروگرام ترک کردے گا جبکہ اس کے بدلے شمالی کوریا کو اقتصادی رعایتیں دی جائیں گی جن کی بدولت شمالی کوریا اقتصادی بحرانوں سے نجات حاصل کرلے گا اوربین الاقوامی تعلقات کے دائرے میں شامل ہوجائیگا، اپنے عوام کا مستقبل محفوظ کرلے گا۔ اب ایران کے سامنے صرف ایک راستہ رہ گیا ہے اور وہ یہ کہ ایران کے حکمراں عقل او ر ذہن سے کام لیں وگرنہ ان کے سامنے تباہ کن کھڈ کے سوا کچھ نہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: