Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سراج رئیسانی کی شہادت بڑا سانحہ ہے، حافظ محمد شبیر

وفاقی حکومت قبل از وقت دہشتگردی کا سنجیدگی سے نوٹس لے
    کویت(محمد عرفان شفیق)- - - - - پاکستان بزنس سینٹر کویت کے ڈائریکٹر اور پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے کوآرڈینیٹر برائے کویت حافظ محمد شبیر نے جمعہ کے روز بلوچستان کے شہر مستونگ میں دہشتگردی کے واقعہ کو پوری پاکستانی قوم کیلئے بہت بڑا سانحہ قرار دیا اور کہا کہ سراج رئیسانی سمیت 128افراد کی شہادتوں پر ان کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
    حافظ محمد شبیر نے کہا کہ2006 میں نواب اکبر بگٹی کے سانحہ کے بعد ضروری تھا کہ بلوچستان میں امن قائم کر کے وہاں کے لوگوں کا اعتماد حاصل کیا جاتا مگر افسوس کہ بلوچستان ہماری حکومتوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔سراج رئیسانی کی شہادت ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ اس وقت پاکستان کی دشمن قوتیں اور بین الاقوامی ایجنسیوں نے پاکستان کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے اور وہ انتخابات سے قبل پاکستان کو ہرطرح سے نقصان پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں اور ہماری حکومت ہمیشہ کی طرح پہلے سے تحریر شدہ بیان جاری کردیتی ہے کہ دہشت گردوں کو معصوم جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا وہ ان کی اجازت کے محتاج ہیں،ملک کی سلامتی کا تقاضا ہے کہ کے پی کے اور بلوچستان میں ہونے والے واقعات کے بعد ہی سہی قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد ہو جائے،اس مسئلہ پر حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک صفحہ پر ہونا چاہئیے۔حافظ محمد شبیر نے کہاکہ وہ ہارون بلور،سراج رئیسانی اور دیگر شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا گو ہیں اور لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
مزید پڑھیں:- - - - -عسیر میں قربان علی بھٹی کے اعزاز میں عشائیہ

شیئر: